جنگ پاکستان:۷ ستمبر ۱۹۶۵ء

جنگ پاکستان:۷ ستمبر ۱۹۶۵ء

۱۹۶۵ء میں فضائی جنگ ابتدائی طور پر سرگودھا میں لڑی اور جیتی گئی یہی وہ علاقہ تھا جہاں بھارتی جہازوں کی ایک کے بعد ایک لہر حملہ آور ہورہی تھی اور اسی علاقے میں انہیں بدترین نقصانات برداشت کرنے پڑے۔ صبح ۶ بجکر ۵ منٹ پر ۳۰ میل ایم او یوز بیلٹ نے اطلاع دی کہ چھ ہنٹر طیارے سرگودھا کی طرف بڑھ رہے ہیں CAP ائر کرافٹ کو چوکنّا کردیاگیا۔ پاکستانی F-86s اور ایک F-104 کا پہلا آ منا سا منا اس وقت ہوا جب دشمن جہاز جست لگا کر سرگودھا ائر فیلڈ پر حملہ کرنے والا تھا۔ اسکوا ڈرن لیڈر ایم ایم عالم نے جوکہ سب سے پہلی فارمیشن میں تھے حملہ آور جہاز پر سب سے پہلے میزائل سے حملہ کیا۔

MAlam.jpg (18317 bytes)'

 

 

پہلا میزائل زمین پر جا لگا ہنٹر نے اپنے پیچھے F-86 کو آتے دیکھا تو بچنے کیلئے اوپر اٹھنے لگا۔ دوسرا میزائل فائر ہوا جو نشانے پر لگا اور دشمن جہاز تباہ ہوگیا۔ اس کے بعد ایم ایم عالم نے دشمن کے چار جہازوں کی فارمیشن کا پیچھا کیا بھارتیوں نے پاکستانی F-86s کو دیکھا تو ایک سخت ٹرن لینے کی کوشش کی لیکن ایم ایم عالم ہنٹر فارمیشن کے نہایت نزدیک آگئے تھے انہوں نے ایک کے بعد دوسرے کو نشانہ بنایا یہاں تک کہ چاروں ہنٹرز کو تباہ کردیا۔ پہلا ہنٹر دریائے چناب سے کچھ پہلے تباہ ہوا جبکہ باقی چار ۳۰ میل مزید مشرق میں ناک آؤٹ ہوئے۔ تمام پاکستانی F-86s اور F-104 صحیح سلامت تھے۔ ایم ایم عالم کا ۹ ہنٹرز کو تباہ کرنے اور ۲ کو نقصان پہنچانے کا ذاتی ریکارڈ تھا انہیں بارکے ساتھ ستارہٴ جرأت عطا کیاگیا۔